
احمد ابوسعید
مجلسِ مشاورت
احمد ابوسعید (حیدرآباد)
حیدرآباد (دکن) سے تعلق رکھنے والے احمد ابوسعید (76 سالہ) کا فطری ذوق مطالعہ کتب ہے۔ وہ اردو زبان و ادب سے بےپناہ محبت کرتے ہیں۔ وہ سائنس کے طالب علم رہے اور ریاضی ان کا پسندیدہ مضمون تھا۔ انہوں نے ابوظہبی میں دس برسوں تک ملازمت کی۔ حیدرآباد واپس آئے تو نوکری کے مقابلے میں تجارت کو پسند کیا۔ اردو اور انگریزی کتابوں کے مطالعے کے ساتھ ان میں عربی زبان و ادب سے غیر معمولی شغف ہوا۔ قرآن مجید کی تفہیم کے دوران میں جب انہوں نے حوالے کے لیے علامہ سیّد ابوالاعلیٰ مودودی کے تفہیم القرآن کا مطالعہ کیا تو تفہیم القرآن کے اسیر ہوگئے۔ اِس وقت موصوف کا ایک ہی مشن ہے قرآن مجید کی تعلیمات کو لوگوں میں عام کرنا تاکہ دنیا میں امن قائم رہے۔ انہوں نے علامہ مودودی کی ’وصیت‘ کے مطابق ایسی کتابیں مرتب کی ہیں جن سے تعلیم یافتہ طبقہ مسلسل مستفید ہو رہا ہے۔ ترجمہ قرآن مجید: آیت بہ آیت ترجمہ مع لغات القرآن، ان کی اہم کتاب ہے۔ ’اردو بک ریویو‘ سے موصوف کا باضابطہ تعلق تقریباً بیس برسوں سے ہے۔ اس مجلہ کی دستاویزی حیثیت کو وہ بجاطور سے محسوس کرتے ہیں۔ وہ اسے ایک انسائیکلوپیڈیائی مجلہ تصور کرتے ہیں۔ اس کے لیے انہوں نے ہر ممکن تعاون کی کوشش کی ہے۔ انہیں یہ گوارہ نہیں کہ اتنا منفرد مجلہ محض گردش حالات کے سبب بند ہوجائے۔